گریبان …منوبھائی
گزشتہ روز پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے میری کھلی او رجاگتی آنکھوں کو میری زندگی کا سب سے زیادہ سہانا اور خوبصورت ترین خواب دکھایا اور خواہش ہوئی کہ اپنی آخری اور ابدی نیند سے پہلے میں اس خواب سے جاگنے نہ پاؤ ں اور میری آئندہ نسلیں اس سہانے خواب کو شرمندہ ٴ تعبیر ہوتے دیکھیں۔
دیکھتاکیا ہوں کہ میرے وطن عزیز کی مجموعی آبادی کے کم از کم 63فیصد پر مشتمل نو عمر طلبا اور طالبات میں سے تعلیمی امتحانوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کے پچاس نمائندے جن میں صوبہ پنجاب کے علاوہ سندھ، بلوچستان اور پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے گھرانوں میں جنم لینے والے شامل ہیں حکومت پنجاب کے خرچے پر دنیا کے سب سے زیادہ ترقی یافتہ اور مہذب معاشروں اور ملکوں کے مصروف ترین مطالعاتی دورہ سے وطن واپس آئے ہیں اور اپنے ساتھ بہت سی کہانیاں اور باتیں لائے ہیں اور ان ملکوں او ر معاشروں کے دورے کے تاثرات بڑے شوق، جوش اور جذبے کیساتھ بیان کر رہے ہیں اور اپنے وطن اور معاشرے کو بھی دنیا کے سب سے زیادہ ترقی یافتہ اور مہذب معاشروں، معیشتوں اور ملکوں کی صف میں لاکھڑا کرنے کی خواہشوں اور تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کے اس اظہار سے سچائی اور صداقت کی خوشبو آرہی ہے۔
کیا دیکھتا ہوں کہ اس تقریب میں وہ بزرگان اور پالیسی ساز نو عمر طلبا اور طالبات کے ان نیک جذبات، خواہشوں اور تمناؤں کے اظہار پر تالیاں بجا رہے ہیں جو ماضی قریب میں ان نو عمر طلبا اور طالبات کی خواہشوں اور تمناؤں کے گلے گھونٹنے کے فرائض منصبی پر مامور تھے۔ یہ تاثر بھی ملتا ہے کہ یہ پالیسی ساز اپنے ملک کے نوجوانوں کے ان جذبات کی قدر کرتے ہیں۔ ان کی تمناؤں اور آرزوؤں کو کامیابی سے ہمکنار دیکھنا چاہتے ہیں۔ یہ تاثر بھی ملا کہ ہمار ے پالیسی ساز اور پالیسیوں پر عملدرآمد کے ذمہ دار بزرگان یہ تالیاں وزیراعلیٰ پنجاب کو خوش کرنے کے لئے نہیں بجا رہے اپنی نئی نسل کی حوصلہ افزائی کے لئے دیانت داری سے تالیاں بجا رہے ہیں۔
جو کچھ دیکھ رہا ہوں اس سے یہ تاثر بھی ملتا ہے کہ 80شاہراہ قائداعظم لاہور کے اس زیر زمین ہال میں موجود تمام لوگ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی طرح اپنی نئی نسل کے ہونہار بچوں کو اپنی اولاد جتنی اہمیت، محبت ،پیار اور شفقت فراہم کر رہے ہیں اورچاہتے ہیں کہ نئی نسل کی حوصلہ افزائی ، شوق افروزی اور بلند پروازی کے لئے مددگار یہ پروگرام جاری رہیں اور نئی نسل کے دلوں اور دماغوں میں مچلنے والے جذبات کو اپنے معاشرے کی تمام سطحوں پر عزت اوراحترام ملتا رہے۔
بہت ہی بدنصیب ہوتی ہے وہ قوم جو سہانے خواب دیکھنے بند کردے اور ہماری قوم کی گزشتہ باسٹھ سالوں کے دوران اور خاص طور پر 34سالوں پر پھیلی ہوئی غیرسیاسی فوجی حکومتوں کے دوران کچھ ایسے اندیشوں اور خطروں میں مبتلا کردیا گیا ہے کہ جن کی موجودگی میں ان کی نیند ہی اُڑ گئی ہے اور اگر نیند کا غلبہ آنکھیں بند کرنے پر مجبور کرتا ہے تو ڈراؤنے سپنے ذہنوں اور روحوں کو گھیر لیتے ہیں۔ بہت بڑی خوش نصیبی ہے کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے قوم کے بچوں ، نئی نسلوں، ہونہار طالب علموں اور طالبات کی ایک خاص تعداد میں خوش آئند سہانے خوابوں کو زندہ کیا ہے۔ سہانے اور خوش آئند خواب کسی بھی قوم کا سب سے بڑا سرمایہ ہوتاہے۔ ان سہانے او ر خوش
آئند خوابوں کی ہمیں جتنی ضرورت آج ہے آ ج سے پہلے شاید کبھی نہیں تھی۔ اپنے او رمیرے اور ہم سب کے بچوں کو ایسے خوابوں کی فراہمی پر ہم سب وزیراعلیٰ پنجاب کے شکر گزار ہیں۔ بلاشبہ ہم نے یہ دنیا اور یہ زندگی اپنے بزرگوں سے ورثے میں پائی ہے مگریہ دنیا اور یہ زندگی ہمارے بچوں کی امانت ہے۔ یہ امانت ہمیں اپنی اگلی نسلوں کو اپنی اولاد کو واپس کرنی ہے۔ کوشش ہونی چاہئے تھی کہ یہ امانت ہم نئی نسلوں اور اپنے بچوں کو بہتر حالت میں بمع سود پیش کریں اور اچھا ہوتا اگرہم یہ دنیا اور یہ زندگی، یہ معاشرت اورزندگی کا یہ ماحول اس کی سابقہ حالت میں واپس کرسکتے مگر یہ نہیں ہوسکتا؟ ہم یہ دنیا، معاشرت ، معیشت اور ماحول بہت ہی مخدوش حالت میں اپنی اولاد کے لئے چھوڑ رہے ہیں مگر امانت میں خیانت کی تلافی بھی غنیمت ہے کہ ہم اپنے مستقبل کی آنکھوں میں بہتری اور خوشحالی کے خوابوں کو زندہ کرنے کی کوشش میں بہت حد تک کامیاب ہورہے ہیں اور اس کا بہت سا کریڈٹ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو جاتا ہے۔
http://search.jang.com.pk/details.asp?nid=453671
Recent Comments