لندن ( جنگ نیوز) پاکستان کے طول وعرض میں عوام اور سیاسی رہنماؤں نے سابق صدر پرویز مشرف کی سیاسی پارٹی کا پرجوش خیر مقدم کیا ہے، جنرل پرویز مشرف کے قریبی معاون جنرل ریٹائرڈ راشد قریشی نے روزنامہ جنگ اور دی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے یہ باتیں کہیں، انھوں نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ کی رکنیت سازی مہم کو شاندار پذیرائی ملی ہے، انھوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن اوردیگر پارٹیوں کے ارکان پارلیمنٹ نے بھی پرویز مشرف کی پارٹی کاخیرمقدم کیا ہے۔ راشد قریشی نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ پاکستان میں موجود درجنوں سیاسی پارٹیوں میں ایک نئے نام کااضافہ ہی نہیں ہے بلکہ ہمارا ایجنڈہ انتہائی شفاف ہے ،ہم اپنے ذاتی مفادات نہیں بلکہ پاکستان کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، لندن میں جہاں پرویز مشرف خود جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں پارٹی کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے راشد قریشی نے کہا کہ پرویز مشرف کوخاص طورپرنوجوانوں کی جانب سے لاتعداد پیغامات مل رہے ہیں جن میں ان کو حمایت کایقین دلایا جارہاہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ نوجوانوں پر اب یہ واضح ہوگیا ہے کہ پرویزمشرف کے دور میں پاکستان ترقی کررہا تھاجبکہ پیپلزپارٹی کے برسراقتدار آنے کے بعد سے تنزلی کی جانب گامزن ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب یہ احساس عام ہورہا ہے کہ پاکستان کاموجودہ سیاسی نظام میں غریبوں کے نام پر گنتی کے چند لوگوں اور دوست احباب کو نوازا جارہا ہے۔ آل پاکستان مسلم لیگ پاکستان کو موجودہ افراتفری سے نکال کر اسے کامیابیوں کی بلندیوں پر لے جانا چاہتی ہے۔انھوں نے کہا کہ پرویز مشرف پاکستان کے واحد رہنما ہیں فیس بک پر جن کے 2 لاکھ سے زیادہ حامی موجود ہیں، انھوں نے یہ اعتراف کیا کہ ان میں اکثریت متوسط طبقے کی ہے جو عام طور پر ووٹ نہیں دیتے لیکن ان لوگوں کو سیاست میں فعال کرنا ایک بڑا مرحلہ ہوگا۔پرویز مشرف کی پاکستان واپسی کے بارے میں سوال پر انھوں نے کہا کہ وہ بہت جلد پاکستان واپس جائیں گے اوروہ آپ کو وہاں انتخابات میں حصہ لیتے نظر آئیں گے
http://search.jang.com.pk/details.asp?nid=443786
Recent Comments