راولپنڈی : محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ آج اور 1971ء کے پاکستان میں زمین آسمان کا فرق ہے، اب دشمن نے میلی آنکھ سے دیکھا تو وہ اپنی سوچ کے پانچ منٹ بعد ہی نیست و نابود ہو جائے گا،ملک کوناقابل تسخیربنادیا،اب دشمن صرف شورمچاسکتاہے،کچھ بگاڑنہیں سکتا،وقت آیاتودنیاکوحیران کردیں گے۔ ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر مجھے موقع ملے تو ایک ہفتے میں پاکستان کا نظام تعلیم ٹھیک کر سکتا ہوں اسی طرح بجلی کی لوڈشیڈنگ سے چھٹکارا بھی معمولی کام ہے، پرویز مشرف نے میری زندگی کے 6 سال ضائع کر دیئے ۔ عدلیہ نے مجھے آزاد کرا کے تاریخی کام کیا ہے اس کیلئے میں تمام وکلاء کا بھی مشکور ہوں مگر میڈیا کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کروں گا، حق اور سچ کہنے پر جیو کے دفتر کو توڑا گیا ،عملے کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں اور مالی نقصان پہنچایا گیا اس کے باوجود میڈیا حق اور سچ کہتا رہا جس کی بدولت آج میں زندہ اور آزاد ہوں۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی ایک ٹرننگ پوائنٹ ہے، امید ہے اب ہمارے جج ملک و قوم کے خلاف کوئی فیصلہ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس وہ میزائل ٹیکنالوجی بھی موجود ہے جو دشمن کو اس کی سوچ سے پہلے ہی صرف پانچ منٹ میں ختم کر سکتی ہے۔ اب پاکستان کے حالات 71 جیسے نہیں رہے، خدانخواستہ وقت آیا تو دنیا کو حیران کر دیں گے۔
Jan 102010
Recent Comments